جوہانسبرگ: 5 منزلہ عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 73 افراد زندہ جل گئے

Sep 01, 2023

جوہانسبرگ (نوائے وقت رپورٹ) جنوبی افریقہ میں 5 منزلہ رہائشی عمارت میں ہونے والی خوفناک آتشزدگی میں 73 افراد بری طرح جھلس کر زندہ جل گئے  جبکہ 52 کے قریب شدید زخمی ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کی اس 5 منزلہ عمارت میں رات گئے آگ لگ گئی جہاں بے گھر افراد رہا کرتے تھے۔ جس وقت آگ لگی، بے گھر افراد اپنے اپنے کمروں میں سو رہے تھے۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو  لپیٹ میں لے لیا۔ ہلاکتیں جھلس جانے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ رہائشیوں کو نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ کچھ نے کھڑکیوں اور بالکونیوں سے چھلانگیں لگا کر اپنی زندگیاں بچانے کی کوشش کی۔ کئی افراد کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مسلسل محنت کے بعد عمارت میں لگی آگ پر قابو پا لیا تاہم اس دوران 100 سے زائد افراد جھلس گئے تھے جن میں سے 73 کی موت کی تصدیق کردی گئی جبکہ 50 کے لگ بھگ زخمی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے عمارت میں آگ لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ایمرجنسی حکام کے مطابق 50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں بے گھر افراد رہائش پذیر تھے اور آتشزدگی کے وقت تقریباً 200 افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔ سربراہ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس رابرٹ ملاودزی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بیس سالہ پروفیشنل کیریئر میں ایسی خوفناک آتشزدگی نہیں دیکھی۔ ریسکیو اہلکار 5 منزلہ عمارت کے ہر ہر فلور پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں