: لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کی نیب میں گرفتاری کیخلاف کیس میں جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ آپ کی عزت انہی عدالتوں سے ہے،آپ پنگ پانگ کھیل رہے ہیں،حکومت کو چھوڑیں آپ پرویز الٰہی کو پیش کریں، پرویز الٰہی کو پیش نہ کیا گیا تو ڈی جی نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے،عدالت نے ایک گھنٹے میں پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الٰہی کی نیب میں گرفتاری کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی،عدالتی حکم کے باوجود پرویز الٰہی کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ آپ کی عزت انہی عدالتوں سے ہے،آپ پنگ پانگ کھیل رہے ہیں،کئی بار پرویز الٰہی کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جا چکا ہے،حکومت کو چھوڑیں آپ پرویز الٰہی کو پیش کریں۔جسٹس امجد رفیق نے مزید ریمارکس دیئے کہ حکومت نیب کے ساتھ تعاون نہیں کرتی تونہ کرے،پرویز الٰہی کو پیش نہ کیا گیا تو ڈی جی نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم پرویزالٰہی کوپیش کرنے کیلئے تیار ہیں، اگرعدالت تمام ذمہ داری خود لیتی ہے تو ہمیں اعتراض نہیں۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ ہائیکورٹ کونیچا دیکھانے کی کوشش کررہے ہیں،یہ ادارہ آئین کیلئےبناہے اور آپ آئین کا مذاق اُڑارہےہیں۔بعد ازاں عدالت نے ایک گھنٹے میں پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔