پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی ٹیم کیلئے فنڈز روکنے کا الزام مسترد کردیا 

Sep 01, 2024

لاہور(سپوٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے فنڈز روکنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔سپورٹس بورڈ نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی ایک اور وجہ پی ایچ ایف کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کی بروقت فراہمی میں ناکامی ہے۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے مطابق پی ایچ ایف نے 27 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز کیلے 55 ملین روپے سے زائد کے بجٹ کیساتھ 60 ہزار امریکی ڈالر کی بھی درخواست کی تھی جو کہ طے عالمی معیار سے کہیں زیادہ اور غیر ضروری تھی۔ بورڈ نے اس کے بجائے 19 کھلاڑیوں اور 4 آفیشلز کیلئے سفری اخراجات دینے کی پیشکش کی تھی۔پی ایچ ایف نے جب دعویٰ کیا کہ انہوں نے پہلے ہی ٹکٹیں بک کرالی ہیں تو بورڈ نے اصل رسیدیں موصول ہونے پر ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی۔سپورٹس بورڈ نے واضح کیا کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر پی ایچ ایف کی جانب سے ضروری تفصیلات اور دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث ہوئی۔ پی ایچ ایف کو پہلے ہی 37.5 ملین روپے اور 59.15 ملین روپے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی شرکت کیلئے مزید مالی معاونت کی منظوری دی جا چکی ہے جس میں کھلاڑیوں کے کھانے، رہائش، ہوائی ٹکٹوں اور ویزا فیس کے اخراجات شامل ہیں۔ پی ایچ ایف کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فہرستیں، کمپیوٹر کلیئرنس پروفارماز، انڈر ٹیکنگز اور شورٹی بانڈز سمیت مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر ہوئی، بار بار یاد دہانیوں کے باوجود پی ایچ ایف کی جانب سے اکثر ضروری تفصیلات دیر سے یا نامکمل فراہم کی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں