لاہور(سپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میںبھی پاکستانی بیٹنگ لائن پھر دھوکہ دے گئی ۔ راولپنڈی میں میچ کے دوسرے روز بنگلہ دیش کے کپتان نجم الحسین شانتونے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا ۔ عبد اللہ شفیق پہلے ہی اوور میں تسکین احمد کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے۔ صائم ایوب نے کپتان شان مسعود کے ساتھ ملکر 107 رنز کی شراکت قائم کی۔ شان مسعود 57 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔صائم ایوب بھی 58 کے انفرادی سکور پر مہدی حسن میراز کو وکٹ دے بیٹھے۔ سعود شکیل 18 بنا کر بولڈ ہوئے جبکہ بابر اعظم 31 رنز بنا کر شکیب الحسن کا شکار بنے۔ 211 کے مجموعی سکور پر محمد رضوان 29 رنز بنا کر ناہید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، خرم شہزاد 12 اور محمد علی 2 رنز بنا کر مہدی حسن کا شکار بنے۔سلمان علی آغا نے بھی 54 رنز پر تسکین کی گیند پر شکیب کو کیچ تھما دیا اور پھر آخری وکٹ ابرار احمد کی گری اور وہ 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔گرین شرٹس پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہدی حسن نے 5، تسکین احمد نے 3، ناہید رانا اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کوآؤٹ کیا۔بنگلہ دیش نے میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 10رنز بنالئے ہیں ۔ مہمان ٹیم کو پاکستان کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 264رنز درکار جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ بارش کی وجہ سے میچ کے پہلے دن کا کھیل نہیں ہوسکاتھا ۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو پاکستان پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دوسرا ٹیسٹ، پاکستانی بیٹنگ پھر دھوکہ دے گئی، ٹیم 274 پر آؤٹ
Sep 01, 2024