شیخوپورہ(نامہ نگارخصوصی)مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی این اے 115سید علی عباس نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں جن کے آلہ کار ملک کے اندر انارکی و انتشار برپا کر کے پاکستان کو سیاسی عدم استحکام کا شکار بنانا چاہتے ہیں تاکہ معاشی استحکام کی منزل حاصل نہ ہو سکے مگر ان کی سازشوں کو ناکام بنا کر ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی راہ ہموار کی جائے گی قوم نے (ن) لیگ کو حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا جسے ضائع نہیں کیا جائے گا حکومت پاکستان کے عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی عباس نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معیشت میں بہتری، روپے کی قدر میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی آئی ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں ملکی معیشت کا جو حشر کیا اسے دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑاکرنے کیلئے مزید وقت لگے گا قوم مایوس نہ ہو اور حکومتی اقدامات کی عملداری کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔