لاہور (سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا ‘ صوبے کی تمام دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن اور دیکھ بھال کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری نے کہا کہ پنجاب پولیس کی دریائی چیک پوسٹوں کا دہشت گردوں، شر پسندوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں اہم کردار ہے، تمام دریائی چیک پوسٹوں کو مرحلہ وار سولر انرجی سسٹم، جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائی چیک پوسٹوں کی دیکھ بھال، انسپکشن و انتظامی امور ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے، ڈی پی اوز ہر ماہ باقاعدگی سے دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن کرکے رپورٹ بھیجیں۔ ڈی آئی جی پی ایچ پی دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن سمیت تمام امور کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ دریائی چیک پوسٹوں کی انسپکشن یقینی بنانے پر ڈی پی او بھکر کو شاباش دی اور کہا کہ دریائی چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کی پروموشن سمیت مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، دریائی چیک پوسٹوں کی بلڈنگز، مستقل مورچوں کی تعمیر و مرمت، کشتیوں، گاڑیوں اور موٹر سائیکلز کی مرمت و اپ گریڈیشن یقینی بنائیں، دریائی چیک پوسٹوں پر چست اور متحرک انچارجز تعینات کئے جائیں۔