عوام عملاً بغاوت کے راستہ پر ، مہنگائی،بجلی، ٹیکس ،آئی پی پیز ناقابلِ برداشت :لیاقت بلوچ 

Sep 01, 2024

لاہو ر(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ساہیوال، سرگودھا میں ختم نبوتؐ کانفرنس سے خطاب، لیاقت باغ راولپنڈی میں معروف عالم دین مولانا قاضی عبدالرشید مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ وفاقی وزیر رانا تنویز حسین کے بھائی ایم پی اے رانا افضال حسین کے انتقال پر تعزیت اور تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما سابق ایم پی اے عمر ڈھلوں کی والدہ کے انتقال پر تعزیت، دعائے مغفرت کی اور تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما سابق گورنر ایم این اے سردار لطیف کھوسہ سے اْن کے چیمبر میں ملاقات کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا ملک کو بحرانوں سے نجات دِلانے کیلئے آئین کے نفاذ اور قومی سیاسی قیادت کو قومی ڈائیلاگ کے ذریعے قومی ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا۔ سیاسی قیادت کا امتحان ہے کہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل کیلئے وہ کس کردار اور اہلیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عوام عملاً بغاوت کے راستہ پر ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، ٹیکس اور آئی پی پیز کا عذاب ملک و ملت کیلئے ناقابلِ برداشت ہوگیا ہے۔ ملک گیر پْرامن ہڑتال نے حکومت کو متنبہ کردیا ہے کہ عوام کو ریلیف دیں، تاجروں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقہ کی منتخب قیادت، تنظیموں کے احتجاج کو سْنیں اور بزدلی، بے حمیتی چھوڑ کر ملک اور عوام کو سنبھالنے کے اقدامات کریں، وگرنہ عوام اور تاجر اگلے مرحلہ میں سخت ترین پْرامن احتجاج کی طرف جائیں گے اور وہ احتجاج نااہل عوام دشمن حکومت سے نجات کا مطالبہ ہوگا۔ 

مزیدخبریں