روڈا صوبائی منصوبہ ، وفاقی فلڈ کمیشن سے لائسنس کی ضرورت نہیں این او سی ہوچکا:محسن عتیق  

Sep 01, 2024

ؒٓلاہور (خاور عباس سندھو، سپیشل کارسپانڈنٹ ) روڈا صوبائی منصوبہ ہے ، وفاقی فلڈ کمیشن سے لائسنس کی ضرورت نہیں ،محکمہ ایریگیشن پنجاب این او سی جاری کرچکا۔ راوی کو بحال کرنا ہمارا کلیدی مقصدہے۔ سیلاب سے نمٹنے کے تمام انتظامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت کی تبدیلی سے پراجیکٹ پر کام متاثر نہیں ہوا۔ یہ باتیں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے ڈائریکٹر ہائیڈرولوجی محسن عتیق نے نوائے وقت سے گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔ دریں اثنا ء روڈا کی تاریخ میں پہلی بار میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیاگیا جس میں میڈیا کو سائٹ وزٹ اور ریور ٹریننگ ورکس سمیت ماحولیاتی سرگرمیوں سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کیاگیا۔ اس موقع پر ایف ڈبلیو او کے میجر (ر) آصف پراجیکٹ انچارج اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلقات عامہ شیر افضل بٹ بھی موجود تھے۔میڈیا بریفنگ میں محسن عتیق نے بتایا دریائی ٹریننگ ورکس کا 3 کلومیٹر پر محیط پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ 46 کلومیٹر لمبے دریا پر 3 بیراجز بنیں گے جن میں شاہدرہ میں پہلے بیراج پر کام جاری ہے۔ یہ فلڈ سے محفوظ ہوگا۔ سندھ طاس معاہدہ کے تحت دریائے راوی میں اگرچہ پانی کا بہاو ماضی کی طرح نہیں ہے لیکن ہم نے راوی میں پانی کے مسلسل بہائو کیلئے بی آر بی نہر سے پانی لیا جائے گا۔ کسی کسان کا حق متاثر نہیں ہوگا ۔راوی ورثہ ہے اور ورثے کی بحالی ہر صورت یقینی بنائیں گے اور یہ مستقبل میں سیاحت کا پرکشش مقام بنے گی۔ بریفنگ کے بعد میڈیا نمائندوں کو سائٹ کا وزٹ کرایاگیا۔ 

مزیدخبریں