چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام مثالی پراجیکٹ ثابت ہوگا:سلمان رفیق 

لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ’’چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘‘ کے حوالہ سے اہم اجلاس ہوا۔ خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران ’’چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام‘‘ کا تفصیلی جائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام دیگر صوبائی حکومتوں کیلئے بھی مثالی پراجیکٹ ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ اس منصوبے کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کرنے کیلئے پی آئی ٹی بی کی مدد سے آن لائن ڈیش بورڈ بنایا جا رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کے بعد بچوں کی ہارٹ سرجری کے نظام میں بہت بہتری آئے گی۔ پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں میں بچوں کی ہارٹ سرجری ایس او پیز کے مطابق اور بروقت یقینی بنائی جائے گی۔ اس پراجیکٹ کے تحت بچوں کی ہارٹ سرجری کا مربوط نظام بنایا جائے گا۔ اگر اس پراجیکٹ سے ایک بھی معصوم بچے کی جان بچ گئی تو اس منصوبے کو شروع کرنے کا ہمارا نیک مقصد پورا ہو جائے گا۔ اس پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے انتہائی ماہر چائلڈ کارڈیک سرجنز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے شرکت کی۔اجلاس میں پروفیسر فرقد عالمگیر، پروفیسر مسعود صادق، ڈاکٹر علی رزاق، نوشین و دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن