لاہور(نیوز رپورٹر) بختیار لیبرہال لاہور میں پنجاب بھر کے محنت کش نمائندگان اور ان کے رہنماؤں کی صوبائی کانفرنس زیر صدارت محمد حنیف رامے کوآرڈینیٹر لیبر الائینز این ٹی پنجاب لیبر کورٹ 2024 منعقد ہوئی جس میں خورشیداحمد، شمس الرحمن سواتی، عبدالرحمن عاصی، اسامہ طارق، را سعید احمدخٹک، نصرت بشیر ظفر، سیدہ غلام فاطمہ،آئمہ محمود، محمد اکبر، نیاز خان، چوہدری محمود الاحد، رانا طاہر محمود، ذوالفقار سرمدی، بابا سرور، ملک افضل اعوان، سید واصف حسین شاہ،حسیب الرحمن،محمد امین منہاس، نصیر الدین ہمایوں ملک، ضیاء سید، حسن محمد رانا،کامریڈ عرفان علی،محمد حسین ووٹو، راجہ غلام مصطفٰے،محمدافضل، ناصر امان سندھو،ممتازظہور ودیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت اور عالمی ادارہ محنت کی جانب سے ہونیوالی قانون سازی لیبر کوڈ 2024 کومسترد کرنے کا اعلان کیا۔ قائدین نے کہا یہ لیبر قوانین محنت کشوں کو مزید کچلنے کا ذریعہ بنے گا۔ مسودہ بیرونی ممالک اور عالمی اداروں کا ایجنڈا ہے بلکہ اس قانون کی روح سے محنت کشوں کے حقوق سلب کرنے کی سازش ہے۔ موجود حکومت اور عالمی ادارے مل کر پاکستان میں نجکاری کو آگے بڑھا کر مفاد عامہ کے تمام اداروں میں ٹریڈیونین تحریک کو کمزور کرنے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہیں۔ مقررین نے کہا ہم ملک بھر میں کالے قانون کیخلاف بھرپور مذمت کریں گے۔ قائدین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر پنجاب حکومت نے ہماری طرف سے پیش کردہ اعتراضات کو دور کیے بغیرزبردستی نافذ کرنے کی کوشش کی تو ہر ضلع اور شہر میں اس کیخلاف راست لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔ کانفرنس میں حکومت کی نجکاری کی پالیسی پر شدید تنقید کی گئی۔ واپڈا، ریلوے اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ہزاروں ملازمین کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نجکاری کیخلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اظہار کیاگیا۔