ریاض(این این آئی)بھارت سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت داربن گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب اور بھارت کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بھارت سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے مملکت، بھارت کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں چوتھے نمبر پر ہے۔ اقتصادی تعاون میں یہ قابل ذکر اضافہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے۔فروری 2019میں انڈیا کے سرکاری دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت اور انڈیا کے درمیان تاریخی تعلقات پر زور دیا تھا۔اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں سعودی، انڈیا سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل کا قیام عمل میں آیا۔