قصور (نمائندہ نوائے وقت) حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 267 ویں عرس کی جاری تقریبات آج آخری روز میں داخل ہو گئی ۔ آج بھی عرس کا آغاز قرآن خوانی کیا جائے گا۔ بعد ظہر علماء اکرام خطاب کریں گے اور عشاء کی نماز کے بعد محفل سماع اور رات بارہ بجے اختتامی دعا مانگی جائے گی جبکہ گزشتہ روز سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں اور صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر و دیگر شخصیت نے دربار پر حاضری دی اور چاردر پوشی کے ساتھ ساتھ فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔ ڈی پی او قصور محمد عیسٰی خاں نے عرس کے تمام ایونٹ کو سپیشل نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہؒ جیسی ہستیوں کے افکار و عمل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں قمر الزماں کائرہ اور چوہدری منظور احمد نے بھی بابا بلھے شاہ کے دربار پر حاضری دی۔ قمر الزماں کائرہ نے کہا بابا بلھے شاہ پنجابی زبان کے ذریعے پوری انسانیت کے لیے امن کے سفیر تھے۔ چوہدری منظور احمد نے کہا کہ وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کا پیغام لے کر آئے ہیں اور بتایا کہ آصف زرداری نے بلھے شاہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔
عرس بابا بلھے شاہؒ ‘ ملک احمد خاں‘ خواجہ عمران اور قمر کائرہ کی حاضری
Sep 01, 2024