پشاور (نوائے وقت رپورٹ + بیورو رپورٹ) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی سے مذاکرات کرنا صوبائی حکومت کا مینڈیٹ نہیں ہمارا مسئلہ طالبان نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی غیر سنجیدگی ہے۔ خیبر پی کے حکومت میں کوئی اختلافات نہیں۔ اختلاف رائے ضرور ہوتا ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ خیبرپی کے کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور معاون خصوصی برائے انڈسٹریز عبدالکریم تورڈھیر نے سوات باغ ڈھیرئی میں نجی لگژری ہوٹل کا افتتاح کیا۔ مقامی ایم پی اے محمد نعیم، ایم این اے سہیل سلطان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے بریفنگ میں کہا کہ مذکورہ ہوٹل ٹینٹس اور کنکریٹ پر مشتمل ہے جس کی ٹوٹل لاگت 70 کروڑ روپے ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ متین خان جیسے انویسٹرز ہمارے ہیرو ہیں ، میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت کی سپورٹ سوات کے عوام کے ساتھ ہے ،ہم پاکستان اور دنیا بھر کے سیاح یہاں لائینگے۔ عبدالکریم تورڈھیر نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری میں تقریبا 70 کروڑ روپے کی یہ سرمایہ کاری خیبر پی کے بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔ سوات میں سیاحت کے فروغ اور پر فضا مقام پر تمام تر آسائشوں سے لیس اس منصوبے کی تکمیل کے تمام مراحل میں سرمایہ کار گروپ کو بورڈ آف انوسٹمنٹ کا بھرپور تعاون فراہم رہا۔