کیف (نوائے وقت رپورٹ) یوکرائنی فوج کی جانب سے روس کے علاقے بلگورود پر شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 37 زخمی ہو گئے۔ روسی میڈیا کے مطابق یوکرائنی فوج نے کلسٹر بموں سے حملے کیے جس سے ایک خاتون اور چار مرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 6 بچوں سمیت 37 افراد زخمی ہوئے۔ روسی میڈیا کے مطابق یوکرائنی شیلنگ میں زخمی ہونے والوں میں سے تین بچوں سمیت سات افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حملے سے دو کثیر المنزلہ عمارت کی چھتوں میں سوراخ ہو گئے ہیں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ رپورٹ کے مطابق تیز دھار دھاتی اشیاء لگنے سے نو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ ایک اور قصبے پر حملے سے دو گھروں، ایک گاڑی اور گیراج کو آگ لگ گئی۔