مشرقی سرحدوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے محفوظ بنانے کا منصوبہ جلد مکمل ہو گا، ایرانی کمانڈر

Sep 01, 2024

تہران (این این آئی) ایران کی آرمی گرانڈ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل کیومرس حیدری نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کی مدد سے ملک کی مشرقی سرحدوں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہونے کی امید ہے۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق بریگیڈیئر جنرل کیومرس حیدری نے کہاکہ مشرقی سرحدوں کو سیل کرنے کا سارا منصوبہ آرٹیفیشل انٹیلی جینس ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحد کی حفاظت کیلئے صرف دیوار کی تعمیر کافی نہیں ہے بلکہ اس عمل میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے کام لیا جا رہا ہے۔ حیدری نے بتایا کہ آرمی کے گرانڈ فورس کے انجینئرنگ یونٹ کو اس مشن کا کام سونپ دیا گیا ہے اور یہ کہ منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونے کی امید ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس وقت ایران افغانستان کے ساتھ اپنی مشرقی سرحد پر 930 کلو میٹر لمبی دیوار تعمیر کر رہا ہے جس کا مقصد سکیورٹی بڑھانا اور سمگلنگ کو روکنا ہے۔

مزیدخبریں