سابق سینیٹر مشتاق احمد‘ کارکنوں کی گرفتاری‘تشدد کی مذمت کرتے ہیں: زبیر ظہیر

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر اور مرکزی سیکریٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل نے ایک مشترکہ بیان میں مظلومینِ غزہ کے حق میں اور اسرائیلی بربریت اور سفاکیت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے جماعت اسلامی کے رہنماء سابق سینیٹر مشتاق احمد ودیگر راہنماوں اور کارکنوں کی گرفتاری اور ان پر پولیس تشدد کی شدید مذمت کرنے ہوئے کہا ہے کہ یوں لگتا ہے کہ حکمران 25 کروڑ غیرت مند مسلمانوں کے نمائندے نہیں بلکہ یورپ، امریکہ، اسرائیل اور اس کے پشت پناہوں کے ایجنٹ ہیں۔ ان کو مظلوم فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و جبر کا ذرہ برابر احساس نہیں ہے بلکہ یہ یہود و ہنود کے اشاروں پر ناچنے والے ضمیر فروش لوگ ہیں۔ان کے دلوں اور دماغوں میں غیرتِ ایمانی اور حمیتِ اسلامی نام کی کوئی شے موجود نہیں ہے۔ ان کے اس بدترین اور نفرت انگیز فعل کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے کہ ایک طرف فلسطین کے حق میں بیان دیتے ہیں مطالبات کرتے ہیں اور دوسری طرف فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والوں پر ظلم و تشدد اور گرفتار کر کے جیلوں اور تھانوں میں ڈالتے ہیں۔ قول و فعل میں تضاد اس سے بھڑ کر اور کیا ہوسکتا ہے کہ یہ لوگ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔ ان کی ایسی غیر جمہوری غیر اسلامی اور غیر آئینی حرکتوں سے جہاں مظلوم فلسطینیوں کے زخموں پر نمک پاشی ہوئی ہے وہاں کروڑوں غلامانِ محمد اور غیور پاکستانیوں کے جذبات بھی سخت مجروح ہوئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن