پنجاب، اسلام آباد میں 35 لاکھ بجلی صارفین کو بلوں میں ریلیف ملنا  شروع

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوزرپورٹر) سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کی تفصیلات جاری کر دیں۔201 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کو بلوں میں 14 روپے یونٹ کمی کا ریلیف پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی پانچ بجلی کمپنیوں کے 35 لاکھ 16 ہزار 877 صارفین کو ریلیف دیاگیا۔ لاہور الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 8 لاکھ 40 ہزار، ملتان الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 6 لاکھ 53 ہزار ، 883 فیصل آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 5 لاکھ 6 ہزار 139، گوجرانوالہ الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 31 ہزار 305، اسلام آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 85 ہزار 550 صارفین کو ریلیف ملا۔ بجلی بلوں میں خصوصی ریلیف کی رقم بھی شائع کر دی گئی۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کا ریلیف دیا۔ مریم نواز شریف نے مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کا ناممکن کام ممکن کر دکھایا ہے۔ مریم نوازشریف نے عوام کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ دل میں احساس ہو تو عمل میں اس کی جھلک ضرور نظر آتی ہے۔ عوام کو مزید ریلیف دیں گے، ہر ناممکن کو ممکن کر دکھانا، ہمیشہ وعدہ نبھانا ہی نواز شریف کی روایت ہے۔ نواز شریف کے دور کی سستی روٹی، بجلی کو عمران خان نے مہنگا کیا، ہم پھر اسے واپس سستا کر رہے ہیں۔ مہنگائی پر قوم کا مجرم عمران خان ہے جو مہنگائی واپس لایا۔ نواز شریف نے آئی ایم کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف کی پاکستان کو دوبارہ ضرورت عمران خان کی معاشی تباہی کی وجہ سے پڑی۔ مریم نواز شریف عوام کو ریلیف دینے کی خدمت کی ایک نئی تاریخ بنا رہی ہیں۔ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا، بہترین خدمت کا نظام لانا اور صوبے کو دنیا میں ترقی کی مثال بنانا، مریم نواز شریف کا مشن ہے۔ اِن شاء اللہ شمسی توانائی کے ذریعے عوام کو مستقل ریلیف دینے کا اگلا مرحلہ جلد شروع کریں گے۔ صفر سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کریں گے۔201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بلاسود سولر سسٹم آسان اقساط پر ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن