ایک ہفتے کے دوران 5.7ملین سے  زیادہ نمازیوں کی مسجد نبوی آمد حرمین میں بارش کے مناظر وائرل

ریاض(این این آئی)مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے کہاہے کہ گزشتہ ہفتے مسجد نبویﷺ میں 5.7ملین سے زیادہ نمازیوں کی آمد ہوئی ہے۔اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 57لاکھ 35ہزار16افراد نے مسجد نبویﷺ کا دورہ کیا۔ 5لاکھ 27ہزار152زائرین نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی جبکہ 2لاکھ 58ہزار 752افراد نے روضہ الشریفہ(ریاض الجنہ)میں نماز ادا کی۔ تمام انتظامات منظم طریقے سے کیے گئے۔ایک ہفتے کے دوران 1590ٹن زم زم تقسیم کیا گیا۔ پانی کی جانچ اور تجزیے کیلئے 196سیمپلز جمع کیے گئے۔اسی طرح مخصوص مقامات پر2لاکھ 57ہزار 277افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے۔اتھارٹی نے بتایاکہ26ہزار 811زائرین نے ترجمے کی خدمات سے فائدہ اٹھایا۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تیز بارش‘ مزید ہونے کی پیشگوئی ۔ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور اطراف کے علاقوں میں بارش کے بعد عمرہ، طواف اور نماز ادا کرنے والوں کے چہرے کھل اٹھے۔سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور اطراف میں بارش کے دوران عمرہ کرنے والے زائرین خشوع و خضوع کے ساتھ دعائوں میں مصروف رہے۔ مدینہ منورہ میں جمعہ کی شدید بارش کے مناظر وائرل ہوگئے۔ موسلادھار بارش سے جبل،احد اور حرم کے پہاڑی علاقوں میں برساتی ریلے سے گلیوں میں کھڑی گاڑیاں بہہ گئیں۔ سڑکیں زیرآب آ گئیں۔ رنگ روڈ 6 گھنٹے بند رہا۔ سعودی محکمہ موسمیات نے مدینہ اور ملحقہ علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن