کائرہ‘ سلیم حیدر ملاقات: پنجاب میں پارٹی مضبوط‘ گورننس بہتر بنانے پر تبادلہ خیال

لاہور (نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص تعلیم کے شعبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ صوبے میں پارٹی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور گورننس کے معیار کو بہتر بنانے کی حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی۔ سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام جمہوریت سے وابستہ ہے۔ ملک سیاسی طور پر مستحکم ہوگا تو ملکی معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مفاہمت کی بات کی ہے۔ بعدازاںگورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت کی کامیابی ملکی استحکام اور ترقی کے لیے اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے پیپلز پارٹی (پی پی پی) لاہور کے صدر امجد جٹ سے ان کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی کے المناک قتل پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے انتخابات کا انعقاد سیاسی جماعتوں اور ملک دونوں کے لیے نقصان دہ ہو گا۔ پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ممکنہ اختلافات کے بارے میں سوالات کے جواب میںاس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ اتحادیوں کے درمیان مفاہمت میں بہتری آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن