نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا۔ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناسک کے نزدیک ٹرین میں ایک مسلمان بزرگ شہری کو انتہا پسندوں نے گائے کا گوشت (بیف) رکھنے کا الزام لگاکر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ٹرین میں موجود افراد نے متاثرہ شخص پر گائے کا گوشت لے جانے کا الزام لگاکر تشدد کیا۔ ریلوے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص حاجی اشرف منیار جالگاؤں ضلع کا رہائشی ہے جو کلیان میں اپنی بیٹی کے گھر جا رہا تھا اور مسافروں نے انہیں اگتپوری کے قریب بیف رکھنے کے شبہے میں مارا۔ حکام نے بتایا کہ ویڈیو میں موجود شخص اور تشدد کرنے والوں میں سے بھی کچھ کی شناخت کر لی ہے۔ حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اس معاملے کا کوئی مقدمہ ابھی تک درج نہیں کروایا گیا۔