نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں ایک بار پھر سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آ گیا جہاں ایک مشتبہ شخص میڈیا گیلری تک پہنچ گیا۔ اب ایک بار پھر امریکی ریاست پنسلوینیا کے جانس ٹاؤن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران سکیورٹی کی ناکامی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شخص تمام رکاوٹیں عبور کرتا ہوا میڈیا گیلری تک جا پہنچا، جہاں پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے قاتلانہ حملے کے بعد پہلی بار پنسلوینیا میں ریلی سے خطاب میں ایک بار پھر کملا ہیرس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے ملک کو شعور سے عاری لوگ چلا رہے ہیں، ہم کملا ہیرس کو ملک تباہ کرنے نہیں دیں گے۔ وہ جس چیز کو ہاتھ لگاتی ہیں تباہ کر دیتی ہیں، لوگ اسے ووٹ نہیں دیں گے۔ کملا ہیرس پنسلوینیا کے تیل و گیس کی برآمد پر پابندی لگانے کا عندیہ دے چکی ہیں۔ٹرمپ نے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کو جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے ڈالی۔ اپنی کتاب میں ٹرمپ نے لکھا کہ زکر برگ کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں، اس بار کوئی غیرقانونی کام کیا تو باقی کی زندگی جیل میں گزارے گا۔