بغداد ائرپورٹ پر پھنسے 358 پاکستانی زائرین کراچی پہنچ گئے

اسلام آباد‘ کراچی (نمائندہ خصوصی + سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین کی کوششوں کی نتیجے میں بغداد ائیرپورٹ پر دو عراقی ائیر لائنز سے پھنسے پاکستانی زائرین کے انخلاء کا عمل مکمل ہو گیا۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور نے عراق میں پاکستانی سفیر محمد ذیشان احمد سے گزشتہ رات ٹیلیفونک رابط کیا تھا۔ عراقی ایئرویز کی پرواز IA 2431، جو 30 اگست کو شیڈول تھی، 31 اگست کو صبح 1 بجے بغداد سے روانہ ہوئی اور 358 پاکستانی زائرین کے ساتھ گزشتہ روز صبح 6 بجے کراچی پہنچی۔ ان میں مشہور نوحہ خواں شاہد حسین بلتستانی بھی شامل ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا پاسپورٹ گم ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں‘ صورتحال ٹورزم کمپنیوں کی بدانتظامی کے باعث پیدا ہوئی۔ عراقی ایئرویز کی ایک اور پرواز IA 1431، 330 مسافروں کے ساتھ بغداد سے روانہ ہو گئی۔ جلد پہنچ جائے گی۔ پاکستانی سفیر کی ہدایت پر ایمبیسی کا عملا ائرپورٹ انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ زائرین کے انخلا کے عمل میں پاکستانی وزارت خارجہ، پاکستانی مشن، عراقی امیگریشن، عراقی ائرویز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے تعاون کا مشکور ہوں۔ 

ای پیپر دی نیشن