اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز انویسٹرز سروس نے پاکستان کے پانچ بنکوں ریٹنگ بھی اپ گریڈ کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پانچ پاکستانی بنکوں کی لانگ ٹرم ڈیپازٹ ریٹنگ سی اے اے تھری سے بہتر کر کے سی اے اے ٹو کر دی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق الائیڈ، حبیب، مسلم کمرشل، نیشنل اور یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ کے درجہ بندی میں بہتری ہوئی ہے۔ ریٹنگ ایجنسی نے پانچوں بنکوں کیلئے آؤٹ لک کو مستحکم سے مثبت میں تبدیل کر دیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ موڈیز کا خیال ہے کہ مستقبل میں یہ بنک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ موڈیز نے چار پاکستانی بنکوں کی بیس لائن کریڈٹ اسیسمینٹ بھی اپ گریڈ کر کے سی اے اے ٹو کر دی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بھی اپ گریڈ کر دی ہے۔ پاکستان کی مقامی اور غیر ملکی کرنسی میں قرضوں کے لئے ایشور ریٹنگ اپ گریڈ کر دی گئی۔ موڈیز نے کہا کہ پاکستان کے ڈیفالٹ رسک میں کمی ریٹنگ بہتر ہونے کا سبب ہے۔
موڈیز نے 5 پاکستانی بنکوں کی ریٹنگ اپ گریڈ کر دی
Sep 01, 2024