ماضی کے برعکس عوام کا پیسہ ریلیف پر خرچ ہو رہا ہے: مریم نواز

Sep 01, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے نواز شریف، وزیراعلیٰ کو بجلی بل ریلیف پروگرام کے اجراء پر مبارکباد دی۔ وزیراعلی نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے عوام دوست پروگرام کی منظوری دے کر تاریخ ساز اقدام کیا۔ عوام کا پیسہ ماضی کی روایات کے برعکس اب عوام کو ریلیف پر ہی خرچ ہو رہا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاکہ بجلی بلوں میں 14روپے یونٹ کا ریلیف عوام کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب کے ترقیاتی پراجیکٹس پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بجلی بل پر 46 ارب روپے کے ریلیف دینے کو تاریخ ساز اقدام قرار دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے پاکپتن میں تین خواتین کے قتل کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور آئی جی پنجاب پولیس سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلی نے کہاکہ قاتلوں کی گرفتاری خوش آئند امر ہے، کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

مزیدخبریں