لاہور (نیوز رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں اپنے اخراجات میں کٹوتی اور بچت سے عوام کے ریلیف کیلئے وسائل مہیا کریں۔ نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پارٹی کے مرکزی رہنما کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، اسحاق ڈار، حمزہ شہباز ، خواجہ آصف، احسن اقبال، سینیٹر پرویز رشید، عطاء تارڑ، سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، اویس لغاری، خواجہ سعد رفیق چیمہ، رانا ثناء اللہ، علی پرویز ملک، عابد شیر علی، عرفان صدیقی ، مریم اورنگزیب، ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری پنجاب، وفاقی و صوبائی سرکاری افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات، بلدیاتی انتخاب اور پارٹی کو سر گرم کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے ریلیف کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات پر پارٹی صدر نواز شریف کو بریف کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر بھی پارٹی صدر کو اعتماد میں لیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ خساروں کے شکار اداروں سے نجات کے ذریعے عوامی ریلیف کے لئے مالی گنجائش پیدا کرنے کی کوشش جاری ہے۔ عوام کو ریلیف کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات پر پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔ پارٹی صدر محمد نواز شریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب کے عوامی ریلیف کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف مشکل معاشی حالات میں نہایت محنت، جذبے اور بھرپور صلاحیت سے پرخلوص کام کر رہے ہیں۔ نواز شریف نے پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں میں14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی شروع ہونے پر وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ چاہتاہوں کہ پاکستان کے ہر شہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے، مریم نواز اور ان کی ٹیم شاباش کی مستحق ہے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق میاں نواز شریف نے مہنگائی کا ذمہ دار بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو قرار دے دیا۔ ہنگامی مشاورتی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو مہنگی بجلی اور مہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائے گی۔ اجلاس سے خطاب میں سابق وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ ملک کی واحد جماعت ہے جو مشکل ترین حالات میں عوام کو ریلیف دینا جانتی ہے، نواز شریف نے اپنی ترجیحات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا اولین ترجیح ہے، بجلی کے بلوں، معیشت کی مضبوطی کیلیے جو کچھ کرنا پڑا وہ ضرور کریں گے۔ گھریلو صارفین کو ریلیف دے چکے اب صنعتی صارفین کے لیے ریلیف کے ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔ دوران اجلاس شرکاء نے پنجاب میں بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے پر نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ شرکا کا کہنا تھا حقیقی لیڈر شپ کا یہی تقاضا ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔ مسلم لیگ (ن) نے رواں سال کے دوران ہی پنجاب اور اسلام آباد میں نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کا فیصلہ کر لیا۔ مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں پارٹی نے نیا بلدیاتی نظام لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابات رواں سال کروانے پر اتفاق کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر یا دسمبر میں کروائے جا سکتے ہیں، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے آئندہ چند روز میں پارٹی کی تنظیم سازی پر مبنی اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے، پارٹی صدر نے آئندہ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمٰن اور محمود خان اچکزئی سمیت سیاسی رہنماؤں سے بات چیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کے پہلے حصے میں بجلی کے بھاری بلوں سے نجات کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کے دوسرے حصے میں صرف پارٹی رہنما شریک ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی وفاقی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی صوبائی حکومتوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔
اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+کامرس رپورٹر) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پی ٹی آئی سے مذاکرات کا حامی نہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے واضح طور پر کہا پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا حامی نہیں ہوں۔ محمود اچکزئی کے ذریعے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا میں ایسی کسی ٹیم کا حصہ نہیں، میں پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے طرز سیاست سے 9 مئی کے واقعات پر معافی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اخراجات کم کر کے بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے۔ ہم پاور سیکٹر میں 4 دہائیوں کے نقائص دور کرنے پر کام کر رہے ہیں، آئندہ ایک دو سال میں بجلی کی نرخوں میں کمی لائیں گے۔ انہوں نے کہا اجلاس میں پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ نواز شریف نے بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی ہدایت کی، قوانین میں ترمیم کے فوری بعد بلدیاتی انتخابات ہو جائیں گے۔ احسن اقبال نے کہا بانی پی ٹی آئی فائیو سٹار ہوٹل جیسی جیل کاٹ رہے ہیں، انہیں جیل میں سہولتیں دینا ہماری فراخ دلی ہے۔ انہیں اسی سیل میں رکھا گیا ہے جس میں مجھے رکھا گیا تھا وہ سیل غلط ہے تو بانی پی ٹی آئی کو پہلے مجھ سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا ہم نے بانی پی ٹی آئی سے کوئی بدلہ نہیں لیا، ان کی چیخیں نکل رہی ہیں، یہ این آر او چاہتے ہیں، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ یہ ہم سے بھی رسیدیں مانگتے تھے، انہیں رسیدیں دکھانا پڑیں گی۔ خود کو بے گناہ ثابت کرنا ہو گا، ورنہ اپنے جرائم کا حساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی کے طرز سیاست سے 9 مئی کے واقعات پر معافی تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرتا رہا ہے۔ امریکی کانگریس میں قرارداد بھارتی لابی سے مل کر منظور کرائی گئی۔ ایسے لوگوں سے کیسے مذاکرات ہو سکتے ہیں، پی ٹی آئی کو ملک دشمن سیاست پر قوم سے معافی مانگنا ہو گی پھر ان سے بات ہو سکے گی۔ کل وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے اور دیگر قائدین سے بھی ملیں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا لندن جانے کا ابھی کوئی حتمی پلان نہیں ہے۔وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے آئی سی ایم اے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اپنے پانچ سالہ منصوبے کو حتمی شکل دے رہی ہے ۔وزیر اعظم بہت جلدمعاشی پلان بھی قوم کے سامنے رکھیں گے ۔بجلی کے بل زیادہ ہیں وہ وزیروں کے لئے بھی زیادہ ہیں ،گھر کو آگ کو بجھانے کے لئے اور گھر کو سجانے کے لئے پہلے سے زیادہ پرعزم ہونے کی ضرورت ہے ۔آج کی دنیا میں انفارمیشن کے ذریعے جنگیں لڑی جاتی ہیں، ملکوں کو تباہ کیا جاتا ہے،سب سے پہلے سائیکلوجیکل وار کے ذریعے نفرت کو پھیلا کر اس معاشرے کو تباہ کیا جاتا ہے۔ہمارے ملک میں نوجوانوں کو ایک بھی لفظ سکھایا گیا چور اور ڈاکو کہہ دو ،ان چوروں اور ڈاکوؤں میں ایک ڈاکو آپ کے سامنے کھڑا ہے،میرے خلاف ایک کیس بنایا گیا کہ نارووال میں سپورٹس کمپلیکس کیوں بنایا،مجھے اڈیالہ جیل میں اسی سیل میں بند کیا گیاہمیں اس نفسیاتی خبر سے باخبر ہونا پڑے گا ۔