محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم گرم اورخشک رہنے کا امکان ہے جبکہ کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد ، جامشورو میں بارش ہوسکتی ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں رات کے دوران بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی بلوچستان، جنوبی سندھ میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب، شمالی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ جنوبی سندھ اور مکران میں تیز ہواؤں، آندھی چلنے اور موسلادھار بارش متوقع ہے تاہم ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ، کشمیر، خیبر پختونحوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بیشتر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔