بلوچستان کیپٹن محمد علی شہید کے خون کا مقروض ہے: وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی

Sep 01, 2024 | 16:09

ویب ڈیسک

وزیراعلٰی بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کیپٹن محمد علی شہید کے خون کا مقروض ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یہ بات وزیراعلٰی بلوچستان میرسرفراز بگٹی نے شہید کیپٹن محمد علی قریشی کے گھرآمد کے موقع پرکہی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادرخان بھی ہمراہ تھے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید کیپٹن کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور پسماندگان سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد علی قریشی نے عوام اور پاک سرزمین کے تحفظ کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا، بلوچستان کیپٹن محمد علی شہید کے خون کا مقروض ہے۔ وزیراعلٰی میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں ان کی بلوں سے نکال کر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں پوری قوم کی ہے. شہدا کی فیملیز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

مزیدخبریں