کراچی کے علاقے گارڈن میں فوارہ چوک کے قریب کرکٹ کھیلتے ہوئے 2 بچے اور ایک نوجوان کنویں میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔بچوں کے کنویں میں گرنے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا تھا جبکہ بچوں کو بچانے کیلیے ایک نوجوان بھی اس میں اتر کر پھنس گیا تھا۔پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بچوں اور نوجوان کو زندہ نکالنے کی متعدد کوششیں کیں .لیکن بدقسمتی سے تینوں جاں بحق ہوگئے۔ کنویں میں آکسیجن کی کمی کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا۔جاں بحق ہونے والے دو بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال تھی جوکرکٹ کھیلتے ہوئے کنویں میں گر گئے تھے۔علاقی مکین نے بتایا کہ کنویں میں گرے بچوں اور ایک شخص کی لاشوں کو مقامی افراد نے نکالا. مزدور پیشہ 3 افراد بغیر آکسیجن ماسک کنویں میں داخل ہوئے اور لاشیں نکالیں، تینوں مزدوروں نے بغیر کسی اجرت کے لاشیں کنویں سے نکالیں۔علاقہ مکین نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم واقعے کے کافی دیر بعد جائے وقوع پر پہنچی، بچوں کو بروقت ریسکیو کر لیا جاتا تو ان کی جانیں بچ سکتی تھیں۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ علاقے کا پلمبر بچوں کو بچانے کیلیے رسے کی مدد سے کنویں میں اترا، پلمبر نے اندر جانے کے بعد آواز دے کر بتایا کہ یہاں آکسیجن کم ہے. اس نے پانی بھی مانگا اسے پانی کی بوتل بھی بھیجی گئی۔عینی شاہد کے مطابق شاید اس نے دونوں بچوں کو ساتھ باندھنے کے بعد رسا کھینچنے کو کہا، 10 سے 15 فٹ رسا کھینچا گیا تھا کہ وہ ٹوٹ گیا. واقعے کے 15 سے 20منٹ تک کنویں سے بچوں اور پلمبر کی آوازیں آ رہی تھی اور پھر ایک دم خاموشی ہوگئی۔