پاکستان واضح طور پر بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتا ہے: پاکستانی دفترخارجہ

بھارتی وزیرخارجہ کے جموں و کشمیر پر حالیہ بیان پر پاکستانی دفترخارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے اسے گمراہ کن اور فریب قرار دیا ہے۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرکے مطابق جموں و کشمیر کا تنازع انڈیا نے یکطرفہ طور پر طے کیا، ایسے بھارتی دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک فریب ہیں.بھارت جموں کشمیر پر اشتعال انگیز بیان بازی اور بےبنیاد دعوے ترک کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان واضح طور پر بھارتی وزیر خارجہ کے بیان کو مسترد کرتا ہے. جموں و کشمیر کا تنازع بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے، ایسے بھارتی بیانات زمینی حقائق کو صریح طور پر نظر انداز کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ غیرقانونی یکطرفہ بھارتی اقدامات مسئلہ کشمیر کی حقیقت بدل نہیں سکتے. بھارت مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور خطے میں امن کیلئے بامعنی مذاکرات کرے۔پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان سفارت کاری اور بات چیت کے لیے پُرعزم ہے. پاکستان کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا غیرمتزلزل عزم سے جواب دے گا۔

ای پیپر دی نیشن