کرسچن کمیونٹی کا شہبازبھٹی کے قتل پر مظاہرہ

مکتوب فرانس ۔۔۔ صاحبزادہ عتیق الرحمن
پیرس میں پاکستانی سفارت خانے میں 23مارچ قرار داد پاکستان کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا‘ اس کے بعد پاکستانی قومی ترانہ بجایا گیا۔ فرانس میں پاکستانی سفارتکار شفقت سعید نے صدر پاکستان اور وزیراعظم کی جانب سے پیغامات پڑھ کر سنائے جس میں پاکستان کی خوشحالی وترقی اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے ذکر کیا گیا تھا اس تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔
دوسری جانب پریس میں کرسچن کمیونٹی کی جانب سے شہباز بھٹی کے قتل پر مظاہرہ کیا گیا۔ یہ مظاہرہ پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ ملا ازم کے خلاف ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ پاکستان میں کرسچن کمیونٹی کو تحفظ دیا جائے اور شہباز بھٹی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرسچن کمیونٹی فرانس کے رہنماؤں نے آج فرانسیسی پارلیمنٹ کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرے میں کیا۔ کرسچن کمیونٹی کی طرف سے آرگنائز کئے گئے اس مظاہرے میں خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین ملا ازم مردہ باد شہباز بھٹی کے خون کا حساب دو‘ 295 C کو فی الفور ختم کرو۔ مظاہرین نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرہ پاکستان کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان شدت پسند عناصر کے خلاف ہے۔ جنہوں نے مذہب اور مسلک کے نام پر پاکستان میں قتل و غارت مچا رکھی ہے اور C295 کی آڑ لیکر بے گناہوں کے خون کی ہولی کھیلتے ہیں آج سینکڑوں بے گناہ لوگ جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔ تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے انبیاء کا احترام کرتے ہیں لیکن چند شرپسند عناصر اپنے مفادات کیلئے اقلیتوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں مظاہرہ میں تین درجن کے قریب لوگوں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن