کوئٹہ (این این آئی) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش باروزئی نے کہا ہے کہ نگران صوبائی کابینہ کا فیصلہ جلد کر لیا جائےگا گاڑی پرانی ہے لیکن ڈرائیور نیا ہے انشاءاللہ سفر خیریت سے گزرے گا اصل طاقت عوام ہیں جو اپنے ووٹ کے ذریعے تبدیلی لا سکتے ہیں وہ پیر کے روز محمود خان اچکزئی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ ٹرانسفر پوسٹنگ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بے شک گاڑی پرانی ہے لیکن ڈرائیور نیا ہے سب کو مکمل اطمینان رکھنا چاہئے کہ انتخابات صاف و شفاف ہونگے بیلٹ بکس سے وہی کچھ نکلے گا جو اس میں ڈالا جائےگا بیلٹ پیپر یا بیلٹ بکس میں تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور بیلٹ پیپر کے تقدس کو ہر صورت برقرار رکھا جائےگا۔