لندن (خصوصی رپورٹ/ خالد ایچ لودھی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری کی دبئی میں بہنوں کی موجودگی میں والد سے تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں بلاول بھٹو زرداری نے کھل کر اپنے اختلافات کا اظہار کیا۔ لندن میں مقیم بلاول بھٹو زرداری کے انتہائی قریبی اور معتبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے بلاول بھٹو زرداری کا اختلاف جن امور پر ہے ان میں ان کی والدہ بینظیر بھٹو کے مقدمہ قتل کے حوالے سے ان کے تحفظات بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول اپنے والد آصف علی زرداری پر زور دیتے رہے اس مقدمے میں پرویز مشرف کے علاوہ رحمن ملک کو بھی شامل تفتیش کیا جائے اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی اندرونی سیاست میں فریال تالپور کا اثرورسوخ بھی محدود کیا جائے اور اویس مظفر ٹپی کو بھی پارٹی سرگرمیوں سے دور رکھا جائے ان وجوہات کی بنا پر بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے کلچر سے ایڈجسٹ نہیں ہو پا رہے۔ ذرائع کے مطابق ابھی بلاول بھٹو زرداری اور ان کے والد آصف زرداری کے مابین اختلافات برقرار ہیں لیکن بلاول آئندہ چند روز میں محدود حد تک پارٹی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ بینظیر بھٹو کی چھوٹی ہمشیرہ صنم بھٹو جو لندن میں قیام پذیر ہیں۔ پہلے ہی پاکستانی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں۔ وہ بھٹو خاندان کے اندرونی اختلافات کو دور کرنے میں بھی اپنا کر دار ادا کرنے سے معذرت کر چکی ہیں۔ گذشتہ دنوں بلاول بھٹو زرداری کی صنم بھٹو اور ان کی ایک اور کزن لیلیٰ فخری سے بھی لندن میں ملاقات ہوئی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری محدود حد تک پارٹی انتخابی مہم کا حصہ بنتے ہیں تو پیپلز پارٹی کو انتخابات میں سخت دھچکا لگنے کا امکان ہے۔