کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے امید ظاہر کی ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کراچی میں حلقہ این اے 250سے اپنے امیدوار کو ان کے حق میں دستبردار کروا دے گی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے اشارے پر پاکستان نہیں پہنچے، زندگی کو خطرات لاحق ہیں جس سے انہیں اور ان کی جماعت کو مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے مجھے کسی سے اشارہ ملا ہے نہ مانگا ہے۔ البتہ اعتماد ہے کہ میرا ایک رتبہ رہا ہے۔ اس کی بناءپر اگر کوئی میرے لئے کچھ بغیر پوچھے کرتا ہے تو اس پر انحصار کرتا ہوں ورنہ تو میں اللہ کے بھروسے پر آیا ہوں۔ سابق صدر نے بتایا کہ ایم کیو ایم کو نمایاں کرنے میں ان کا اہم کردار ہے۔ امید ہے کہ عزت کا پاس رکھتے ہوئے کراچی میں ایم کیو ایم حلقہ 250سے اپنا امیدوار بٹھا دے گی۔ عمران خان کے مستقبل کے بارے میں پرویز مشرف نے کہا کہ انہیں کوئی سونامی آتا دکھائی نہیں دے رہا لیکن عمران خان اگر وسیع انتخابی اتحاد بنا لیں تو شاید وزیراعظم بن جائیں۔