نئی دہلی(آن لائن) بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت کے دورے پر پہنچ گئی جہاں وہ میزبان ٹیم کیخلاف 3 ٹی 20اور 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز میں حصہ لے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین مقابلوں کا آغاز آج منگل کو بروڈا میں ٹی 20 سے ہوگا۔ سلمیٰ خاتون مہمان ٹیم کی قیادت کر رہی ہیں جبکہ میزبان سکواڈ کی کمان متھالی راج سے چھین کر سیرمن پریت کور کو سونپی گئی ہے۔ متھالی کو ورلڈکپ کے پہلے ہی راﺅنڈ سے باہر ہونے کی وجہ سے کپتانی سے ہٹایا گیا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں ویمن کرکٹ کا آغاز 2011ءمیں ہوا۔ ٹیم آخری بار گوانگزو میں ٹی 20 ایشیاءکپ کے دوران ایکشن میں نظر آئی تھی۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی 20میچ 4 اپریل اور تیسرا ٹی ٹونٹی 5 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ سیریز کا پہلا معرکہ 8 اپریل کو شیڈول ہے۔ دوسرا مقابلہ 10 جبکہ تیسرا اور آخری معرکہ 12 اپریل کو حیدرآباد میں ہو گا۔