معاشی اعتدال

Apr 02, 2014

غیر ملکی تقابل:
بھارت کا پلہ تو یوں بھی بھاری ہے کہ اسکی معیشت کا حجم بڑا ہے‘ اسکے پاس وسیع مارکیٹ ہے۔ لہٰذا پیداواری حجم زیادہ ہونے کی وجہ سے پیداواری لاگت کم ہے۔ معاشرتی اور طبعی ڈھانچے پر آنیوالی عمومی لاگت پاکستان کے مقابلے میں صرف ایک تہائی ہے، جبکہ معیشت پاکستان کے مقابلے میں دس گناہ بڑی ہے۔ بھارت کا شمار دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں ہوتا ہے اور اس کی مجموعی پیداوار اربوں امریکی ڈالروں سے زائد ہے۔ بھارت کا دس بڑے صنعتی ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی صنعتی پیداوار مجموعی پیداوار کا بیس فیصد ہے۔ اس کا صنعتی شعبہ برآمدات کا  60 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے، جس میں سے بیس فیصد برآمدات انجینئرنگ کے شعبہ سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس میں موٹر سازی بھی شامل ہے۔ صرف اسی برآمد کا حجم پاکستان کی تمام تر روائتی برآمدات کے مساوی ہے۔ ہماری انجینئرنگ کی مجموعی مقامی پیداوار ( جی، ڈی، پی) کی ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ صنعتی ڈھانچے پر آنے والی لاگت کو امدادی وسائل دے کر نہایت کم رکھا گیا ہے۔
 ان امدادی وسائل کی بنیاد براہِ راست آمدنی مستثنیٰ ہے۔ تنخواہ کا ڈھانچہ کم ہے اور دیگر واسطہ اور بلواسطہ لاگتیں بھی کم ۔ صنعتوں کو بڑی مقدار میں سرکاری امداد حاصل ہے۔ جب تک معاشرتی اور طبعی ڈھانچوں کی لاگتوں ، رعایتوں ، امدادی رقوم اور ٹیکس کی نظام ، غرض یہ کہ ہر شعبوں میں ان کا مقابلہ کرنے کے قابل نہ ہو جائیں، ہم کس طرح بھارت سے تجارت میں توازن قائم کر سکیں گے اور اپنی صنعتوں کو ایک خطرناک اور غیرصحت مند مقابلے سے محفوظ رکھ سکیں گے۔یہ چند بنیادی امتیازات ہیں ، جن سے حکومت اچھی طرح واقف ہے۔ ٹیکس ادا کرنیوالے بجا طور پر یہ توقع رکھتے ہیں کہ جلد یا بدیر۔لیکن بہرصورت آئندہ بجٹ سے قبل یہ غیر معمولی خامیا ںدور کرلی جائیں گی، ورنہ یہی سمجھا جائیگا کہ اقتصادی پیکیج محض ایک دکھاوا ہے جو کسی بھی طور صنعتی شعبہ کی ترقی کا پیش خیمہ نہیں بن سکتا جب تک ایسا اقتصادی پیکیج نہ دیا جائے جو صنعتی شعبہ کیلئے سود مند نہ ہو، آخر کس طرح اس شعبہ سے بہتر نتائج حاصل کرنے کی توقع کی جاسکتی ہے؟
آئینی ترمیم
آٹھویں آئینی ترمیم کو غیر موثر کرنے والی تیرہویں آئینی ترمیم کو عام طور پر سراہا گیا ہے۔ یہ ترمیم اسمبلی میں متفقہ طور پر تسلیم کر لی گئی ، جس کی پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی ۔ یہ یقیناً ایک بہت بڑی کامیابی ہے ، کیونکہ اس وجہ سے سابقہ جمہوری حکومتیں اپنی آئینی معیاد پوری نہ کرسکیں۔ آٹھویں ترمیم کے بارے میں کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ اس ترمیم نے مارشل لاء کو روک رکھا تھا جس نے ملک کے وجود کے پچاس برسوں میں زیادہ تر عوامی نمائندگی کی جگہ، ملک کے اقتدار پر قبضہ کر رکھا تھا۔
پاکستان کا آغاز بہرحال ایک پارلیمانی حکومت کے تحت ہوا، تاہم جلد اس پر مارشل لاء مسلط ہونا شروع ہوگیا۔ یہ سلسلہ ذوالفقار علی بھٹو کے سویلین مارشل لاء سمیت وقتاً فوقتاً چلتا رہا۔ یہ مفروضہ زبان زدِ عام ہے کہ بد ترین جمہوریت بہترین آمریت پر قابلِ ترجیح ہے۔ تاہم پاکستان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر یہ امر قابلِ غور ہے کہ آیا یہ مفروضہ صحیح ہے یا غلط۔ اس پر ایک سرجن، ایک انجینئر اور ایک سیاستدان کا وہ قصہ یاد آتا ہے ‘ جس میں اس بات پر بحث کی گئی ہے کہ ان میں سے کس کا پیشہ سب سے قدیم ہے۔
سرجن کے مطابق سرجری اس لئے سب سے قدیم ہے کہ حوا کو آدم کی پسلی سے پیدا کیا گیا اور یہ عمل سرجری ہی سے ممکن تھا۔ انجینئر کا کہنا تھا کہ آغازِ کائنات میں کوئی نظام مجود نہ تھا ایک افرا تفری اور بد نظمی کا عالم تھا اور اسی کی خدمات کے ذریعہ یہ نظام کائنات وجود میں آیا۔ اس پر سیاستدان سے نہ رہا گیا اور اس نے پوچھا کہ ان کے خیال میں وہ تمام افراتفری اور بد انتظامی کس نے پھیلائی تھی؟ اگر پاکستان کا آغاز پارلیمانی حکومت سے ہوا تو پھر مارشل لاء اور پھر بعد میں یہ آٹھویں ترمیم کا وجود کیسے عمل میں آیا۔ سوال یہی ہے کہ ملک میں اس افراتفری اور انتشار کا ذمہ دار آخر کون تھا؟ جمہوریت کی واپسی کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کو غور کرنا ہوگا کہ مارشل لاء او ر متعدد ترامیم پر منتج ہونے والا یہ انتشار کیسے پیدا ہوا؟ اس مسئلہ پر مختلف نقطہ ہائے نظر میں چاہے کتنا ہی اختلاف پایا جائے‘ یہ ملک مزید انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ عوام سیاسی استحکام اور اقتصادی و معاشرتی بہبود کے علاوہ کسی اور مسئلہ میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ بھٹو کے ’’روٹی کپڑا اور مکان‘‘ کے نعرہ اور میاں نواز شریف کی حالیہ کامیابی اس بات کا بین ثبوت ہیں۔ ہمارے سیاستدانوں خصوصاً میاں صاحب اور ان کی جماعت مسلم لیگ ن پر ماضی کے مقابلہ میں اب کہیں زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ یقیناً میاں صاحب قومی مفاد میں اس صورتِ حال سے نمنٹے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اب یہاں سے کہاں؟
سیاسی استحکام ، اقتصادی قوت اور منصفانہ نظام اس وقت تک قائم نہیں ہوسکتے جب تک ایک واضح نظریہ سامنے نہ ہو‘ منزل کی سمت اور مقصد سے لگن نہ ہو ۔ ساتھ ہی ایک جامع منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کے لئے پُر خلوص کوششیں لازم ہیں۔ محض اسمبلی میں اکثریت کی حمایت سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مقصد کے ساتھ عمل کا اخلاص بھی درکار ہے۔ عوام کی مجموعی اقتصادی و معاشرتی خوشحالی سیاسی استحکام کی راہ ہموار کرتی ہے۔
 پاکستان کے معاملہ میں کئی عناصر اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جن میں آزاد معیشت کا نعرہ اور ملکی معیشت میں استطاعت ہونے کے باوجود بھارت سے تجارت کی بات شامل ہے۔ کشمیر کا حل بھی تعطل کا شکار ہے ان مسائل کے علاوہ عالمی بنک اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے تعلقات کا معاملہ بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے۔
 فیلڈ مارشل ایوب خان سے جنرل مشرف تک ہم نے ہمیشہ ترقی یافتہ ممالک پر انحصار کیا ہے۔ ہمارا بنیادی اقتصادی ڈھانچہ ایک امریکی گروپ کے ماہرین کا تیار کردہ ہی ہے اور بنیادی طور پر درآمدی متبادل صنعت پر منحصرہے جو کہ مقامی خام مال اور مرکزی اقتصادی، معاشرتی اور طبعی انفراسٹرکچر پر انحصار کرتی ہے  اس وقت کا اقتصادی پیکیج بھی غیر روائتی اور منافع بخش پیداوار کی برآمدات کیلئے سازگار نہیں تھا۔
 آج بھی صورتِ حال کم و بیش وہی نظر آتی ہے۔ صنعتوں کیلئے آج بھی موثر منصوبہ سازی نہیں کی جاتی جو کہ ملک میں دولت کی پیداوار اور فراہمی روزگار کا ذریعہ ہیں اور زرِ مبادلہ کماتی ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اپنی ناکام برآمد کے طور پر روپے کی قیمت کو کم کیا ہے۔ جو سال بہ سال ملک کے قرضوں میں اضافہ کاباعث بنا ہے اور جس کے نتیجے میں دفاعی اخراجات سے بھی زائد رقم قرضوں کی واپسی پر خرچ ہو رہی ہے۔ اب ہم اپنے قرضے اتارنے کیلئے مزید قرض لینے کیلئے مجبور ہیں ۔ یہ امر نگراں دور حکومت میں بھی جاری رہا ہے۔ قرضوں کے اس بڑھتے ہوئے بوجھ نے معیشت کو اس قدر ناتواں بنا دیا ہے کہ شائد ایک بار پھر روپے کی قدر میں کمی کرنا پڑے:
؎ قرض کی پیتے تھے مے اور سمجھتے تھے کہ ہاں
 رنگ لائے گی ہماری فاقہ مستی ایک دن
……………(جاری)

مزیدخبریں