شہدا فائونڈیشن کا مشرف کو معافی دینے کے بیان پر مولانا عبدالعزیز سے لاتعلقی کا اعلان، مذمت

اسلام آباد(ثناء نیوز)شہداء فائونڈیشن آف پاکستان نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کی طرف سے پرویزمشرف کو معاف کرنے اور باہر جانے کی اجازت دینے کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مولانا عبدالعزیز کے بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ شہداء فائونڈیشن آف پاکستان نے کہا کہ مولانا عبدالعزیز نے جنوری 2007میں ’’نفاذ شریعت‘‘کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک تحریک کا آغاز کیا۔ انہوں نے نفاذ شریعت کی تحریک شروع کرنے سے قبل کسی سے مشاورت نہیں کی۔ان تمام صورتحال کے باوجود نفاذ شریعت کے لئے شروع کی گئی تحریک کو دل و جان سے ہم نے قبول کیا اور اس تحریک کی بھرپور حمایت کی۔ پرویزمشرف کے حکم پر 3 جولائی 2007 کو نفاذ شریعت کی تحریک میں مولانا عبدالعزیز کا ساتھ دینے پر لال مسجد و جامعہ حفصہ کے طلبہ و طالبات کے خلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا لال مسجد و جامعہ حفصہ میں زیرتعلیم ہمارے بیٹوں اور بیٹیوں نے مولانا عبدالعزیز کا بھرپور ساتھ دیا۔ شہداء فائونڈیشن آف پاکستان کو بے حد افسوس ہے کہ لال مسجد آپریشن کے بعد مولانا عبدالعزیز نے نفاذ شریعت کا مطالبہ اس انداز میں نہیں کیا کہ جس انداز میں وہ ہمارے بچوں، بچیوں کی شہادت سے قبل کررہے تھے۔اگر ان کے مطالبے پر پرویز مشرف کو معاف کیا گیا تو کل کو جیلوں میں بند درجنوں قیدیوں کو بھی معاف کرنا پڑیگا۔

ای پیپر دی نیشن