لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی لاہور کا قافلہ ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کیلئے آج بذریعہ ٹرین گڑھی خدا بخش (لاڑکانہ) کیلئے روانہ ہوگا۔ کراچی ایکسپریس میں 4 بوگیاں بک کرائی گئی ہیں۔ سینئر نائب صدر لاہور پیپلز پارٹی زاہد ذوالفقار خان، جنرل سیکرٹری رانا اشعر کی قیادت میں قافلہ روانہ ہوگا۔ ثمینہ گھرکی لاہور ریلوے سٹیشن پر ورکرز کو خدا حافظ کہیں گی۔ بھٹو کی برسی کی تقریبات کے اوقات تبدیل کردئیے گئے ہیں۔ بھٹو کو 4 اپریل 1979ء کی صبح 4 بجے پھانسی دیئے جانے کے بعد سے بھٹو کی برسی کی تقریبات 4 اپریل کو صبح 4 بجے شروع ہوا کرتی تھیں لیکن ملکی حالات خصوصاً بلاول بھٹو زرداری کو دہشت گردوں کی دھمکی کے بعد اوقات تبدیل کر دیئے گئے اور اب برسی کی تقریبات دوپہر 12 بجے شروع ہونگی جبکہ شام کی تقریبات کا وقت بھی تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب جلسہ عام شام کی بجائے سہ پہر چار بجے ہوگا۔ پیپلز پارٹی پنجاب کا کاروان اب کل جمعرات کی صبح 9 سجے فیصل ٹائون سے روانہ ہو گا۔