وزیراعظم کی ہدایت پر حمزہ شہباز کا دیامیر بھاشا ڈیم کی سائٹ کا دورہ

Apr 02, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت پر دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کے ارکان نے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں مجوزہ ڈیم کی سائٹ اور ملحقہ رہائشی کالونی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا راغب عباس شاہ اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان یونس ڈاگھا نے حمزہ شہباز شریف اور کمیٹی کے دیگر ار کان چودھری سعود مجید، عطا تارڑ اور ملک حسن اقبال کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ حمزہ شہباز شریف نے علاقہ مکینوں کی کالونی تھور میں مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا دیامیر بھاشا ڈیم پاکستانی عوام اور معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے تمام متعلقہ اداروں کو دیامیر بھاشا ڈیم کی مقررہ وقت پر تعمیر یقینی بنانے کیلئے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔ حکومت پاکستان اس منصوبے کو وطن عزیز کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ناگزیر سمجھتے ہوئے اس کی تکمیل میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم کی تکمیل پاکستان اور اس کے عوا م کی تقدیر بدل دے گی۔

مزیدخبریں