کراچی(اے پی اے) پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پرویز مشرف کی والدہ کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیارے کی پیشکش اچھا اقدام ہے‘ سندھ کو بدنام کرنے کی کوشش کرنیوالے اجنبیوں کیخلاف مکمل طاقت استعمال کی جائیگی۔ گذشتہ روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کے ایک ٹویٹ جس میں انہوں نے کہا کہ میں والدہ کی بیماری کے وقت جلاوطن تھا ماں سے ملنے کیلئے وطن واپس آنے کی اجازت نہیں دی گئی اور میری ماں موت کے منہ میں چلی گئی اس پر بلاول نے کہاکہ اتنا ظالم نہیں ہونا چاہئے۔ حکومت نے مشرف کی علیل والدہ کو وطن واپس لانے کیلئے خصوصی طیارے کی پیشکش کرکے اچھا اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے مندروں پر حملوں کے حوالے سے کہاکہ سندھ کو پنجاب میں بدلنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ سندھ کو بدنام کرنے کی کوششیں کرنے والے اجنبیوں کیخلاف قانون کو مکمل طور پر حرکت میں لایا جائے گا۔
مشرف کی والدہ کو پاکستان لانے کی حکومتی پیشکش خوش آئند، مندر پر حملہ سندھ کو بدنام کرنے کی کوشش ہے: بلاول
Apr 02, 2014