اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ غیر ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 500 ارب کے گردشی قرضوں کی ادائیگی‘ ڈالر کو 100 روپے سے نیچے لانے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر کو 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا عوام سے کیا گیا اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے‘ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان کے اوپر اعتماد بڑھے گا۔ منگل کو وزارت خزانہ سے جاری وزیر خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10.072 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں جس میں سٹیٹ بنک آف پاکستان کے پاس موجود زر مبادلہ کے ذخائر کا حجم 5 ارب 36 کروڑ 70کروڑ60 لاکھ ڈالر ہیں۔ واضح رہے کہ 21مارچ کو غیر ملکی زر مبادلہ کے مجموعی ذخائر 9 ارب 14 کروڑ 38لاکھ ڈالر تھے جبکہ گزشتہ 10 روز کے اندر ان میں 92 کروڑ82لاکھ ڈالر اضافہ ہوا۔ اس طرح 21مارچ کو سٹیٹ بنک کے پاس موجود زر مبادلہ کے ذخائر 4 ارب 42 کروڑ 64 لاکھ ڈالر تھے جو گزشتہ 10 روز میں ان کے اندر 93 کروڑ 86 لاکھ ڈالر اضافہ ہوا حالانکہ اس دوران باہر سے سٹیٹ بنک کے پاس صرف 55 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی آئی ایم ایف کی قسط آئی۔ تاہم منگل کے روز زر مبادلہ کے ذخائر دس ارب ڈالر سے بڑھنے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے توانائی کے شعبے میں 500 ارب روپے کے گردشی قرضوں کو ادائیگی اور ڈالر کی قیمت 100 روپے سے نیچے لانے کے بعد عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملکی معیشت کو ٹھوس بنیاد فراہم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ اس سے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 10 ارب ڈالر سے بڑھنے کے نتیجے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بھی بڑھے گا۔