اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سپریم کورٹ نے خیبر پی کے میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی روکنے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے حکم کو معطل کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس تصدق حسین کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی وصولی سے متعلق درخواست کی سماعت کی جس کے دوران سپریم کورٹ نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وصولی روکنے کا حکم معطل کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نیپرا کی درخواست بھی سماعت کیلئے منظور کر لی جبکہ عدالت نے نیپرا کو صارفین سے بقایا جات دس اقساط میں وصول کرنے کی بھی اجازت دی ہے۔ واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول نہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ سنانے سے قبل اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری نہیں کیا۔ وفاق کو نوٹس جاری کرنا ضروری تھا، عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز وصول نہ کرنے کا پشاور ہائیکورٹ کا حکم معطل کر دیا
Apr 02, 2014