اسلام آباد (آئی این پی) پبلک اکاونٹس کمیٹی(پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کو وزارت مذہبی امور کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ مد ارس کی رجسٹریشن صوبائی معاملہ ہے، ا س حوالے سے وزارت داخلہ بھی کام کر رہی ہے، مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ 2005کے تحت کی جا رہی ہے وفاق المدارس عہدیداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، وہ خود رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں، تاہم مختلف اداروں کی جانب سے انفارمیشن کے حصول پر وہ خاصے پریشان ہیں، ایک متفقہ فارم بنایا جا رہا ہے، اس فارم سے تمام مدارس کا ڈیٹا حاصل ہو جائے گا۔ بدھ کو ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنونیئر سید نوید قمر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا اس دوران آڈٹ حکام نے بتایا کہ مالی سال2003-4میں خلاف ضابطہ سعودی عرب میں زائد کرایہ پر عمارتیں حاصل کی گئیں جس سے 21کروڑ 58لاکھ روپے زائد رقم ادا کی گئی۔ کمیٹی کے استفسار پر گزشتہ گیارہ سالوں سے ریکارڈ نہ دکھائے جانے پر سیکرٹری مذہبی امور کوئی جواب نہ دے سکے، کمیٹی نے شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے آڈٹ اعتراضات موخر کر دیئے اور کہا کہ اگلی میٹنگ میں مکمل رپورٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے ۔