لاہور (نامہ نگاران) مختلف واقعات میں لاہور سمیت متعدد شہروں میں چھٹی جماعت کے طالب علم سمیت 2 نوجوانوں اور ایک لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ لاہور کے علاقہ مغلپورہ میں 18 سالہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی۔ مین بازار کے مورس مسیح نے گزشتہ روز نامعلوم وجوہات پر زہریلی گولیاں کھالیں جسے حالت غیر ہونے پر ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کے مطابق لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جمع کرادی ہے، رپورٹ ملنے کے بعد اصل حقائق سامنے آئینگے۔ علاوہ ازیں میانوالی کے محلہ سرور خیل کا اُسامہ جو ششم کلاس میں زیر تعلیم تھا، سکول انتظامیہ نے ایک مضمون میں کامیابی حاصل نہ کرنے کی وجہ سے مکمل طور پر فیل کردیا جس پر دلبرداشتہ ہوکر اس نے خودکشی کرلی۔ کنجوانی میں نواحی بستی چاہ رچڑاں والا کا آفتاب اپنے رشتہ داروں کے ہاں شادی کرنا چاہتا تھا مگر انہوں نے رشتہ سے انکار کر دیا جس پر نوجوان دلبرداشتہ ہو گیا اور زہر پی لیا۔پیر محل کے گائوں 753 گ ب کے شیر محمد میو کی بیٹی (ص) نے مبینہ طور پر گھریلو جھگڑے سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
4 خودکشیاں: میانوالی میں چھٹی جماعت کے طالب علم نے فیل ہونے پر زندگی ختم کرلی
Apr 02, 2015