برطانیہ(بی بی سی ) گوگل نے متوسط طبقے کے صارفین اور سکولوں کے لیے کروم آپریٹنگ سسٹم والے کمپیوٹرز مارکیٹ میں لانے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل نے جن نئی مصنوعات بنانے کا اعلان کیا ان میں کروم بِٹ آلہ بھی شامل ہے جو ایک بڑی میمری سِٹک جیسا دکھائی دیتا ہے۔کروم بِٹ کو ٹی وی اور مانیٹرز کی ایچ ڈی ایم آئی پورٹ میں لگا کر انھیں کمپیوٹرز میں بدلا جا سکتا ہے۔ گوگل کے مطابق سب سے سستے کروم بک لیپ ٹاپ تقریباً 150 ڈالر میں دستیاب ہوں گے۔ گوگل کی جانب سے نئی مصنوعات کے اعلان سے مائیکرو سوفٹ کے ساتھ اس کا مقابلہ سخت ہونے کی امید ہے۔ خیال رہے کہ گوگل نے کروم کمپیوٹرز بنانے کا اعلان مائیکروسافٹ کی جانب سے نئے سستے ہائیبرڈ لیپ ٹاپ مارکیٹ میں لانے کے اعلان کے ایک دن بعد کیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کے ’سرفس تھری لیپ ٹاپ‘ کی قیمت تقریباً 500 ڈالر ہے لیکن اس پر ونڈوز پلیٹ فارم کے لیے بنائے جانے والے بہت سے سافٹ وئیر دستیاب ہیں۔