اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان دانیال گیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر پی آئی اے کا حج کرایوں میں منافع نہ لینے کی پالیسی کا اعلان کر دیا گیا‘ رواں سال حج کرایوں میں 4 ہزار روپے فی کس کی کمی کی جا رہی ہے۔ پشاور‘ اسلام آباد‘ لاہور اور سیالکوٹ سے دوطرفہ کرایہ 95ہزار روپے ہو گا۔ ترجمان کے مطابق کوئٹہ اور سکھر سے جانے والے عازمین حج کا کرایہ 86ہزار روپے ہو گا۔ سینٹ قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج2016 ءکی سفارشات کی منظوری دیدی ہے اور مسودہ وزیراعظم کو بھجوا دیا گیا ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد سرکاری سکیم کے تحت 60فیصد جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 40فیصد حاجیوں کو لے جایا جائے گا، وزارت مذہبی امور کے ہارڈ شپ کوٹے کو بحال کر دیا گیا ہے ،حج پیکیج کو گذشتہ سال کے برابر رکھنے کی تجویز دے دی گئی ہے تاہم اضافی سہولیات کی فراہمی کے بعد پیکیج میں 6090روپے اضافہ ہوجائیگا۔ پاکستان کے شمال میں رہنے والے افراد سے 264851 روپے جبکہ جنوب میں رہنے والوں سے 2لاکھ 55ہزار 851روپے لئے جائیں گے۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ سرکاری سکیم کے تحت 4اپریل سے حج درخوستیں منتخب بنک وصول کریں گے اور اپریل کے تیسرے ہفتے میں قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیبوں کا اعلان کیا جائے گا۔