پنجاب، خیبر پی کے: مزید گرفتاریاں، ڈی جی خان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

لاہور + پشاور (نامہ نگاران + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے مختلف شہروں اور خیبر پی کے میں کالعدم تنظیموں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری کریک ڈائون میں مزید درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ شیخوپورہ سے گرفتار ملزمان میں 3 مطلوب دہشت گرد اور کروڑ لعل عیسن سے پکڑے جانے والوں میں غیر قانونی طور پر مقیم 8 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ لاہور میں تھانہ فیکٹری ایریا میں سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لئے گئے 39 مشتبہ افراد سے تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب پولیس اور حساس اداروں نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مشرکہ کارروائی کرتے ہوئے پٹھان بستی سے 44 افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔ لیہ پولیس نے کروڑ لعل عیسن اور کوٹ سلطان کے مختلف علاقوں سے سرچ آپریشن کے دوران غیرقانونی طور پر رہائش پذیر 8 افغان باشندوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افغانوں کا تعلق صوبہ خوست سے ہے جو لیہ کے جنگل میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ ملزموں کے قبضے سے جعلی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ علاوہ ازیں دریا خان کے علاقہ پنج گرائیں اور دیگر علاقوں سے 9 مشتبہ افراد، ضلع بہاولپور میں 18 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ فیصل آباد میں مزید 50 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔ ساہی وال، سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سکیورٹی فورسز نے چھاپے مار کر متعدد افراد کو گرفتار کیا، خصوصاً مختلف کالعدم تنظیموں کے کئی اہم رہنمائوں کی گرفتاریوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ جوئیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق کوٹ پنڈی داس میں خفیہ اداروں اور پولیس کے مسلسل کئی گھنٹوں کے سرچ آپریشن گھر گھر تلاشی کے دوران 32مشتبہ افرادگرفتار کرکے خفیہ مقام پر منتقل کر دیا گیا ان کے قبضہ سے 18عد د کلاشنکوف سمیت مختلف اقسام کا اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولیاں ، بلٹ پروف جیکٹس 2موٹر سائکلیں اور 100سے زائد موبائل و دیگر اہم دستاوزات برآمد کر لیں۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بھر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی کوٹ پنڈی داس میں حساس اداروں اور پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کیا اور وہاں سے 21مشکوک افراد کو بھاری اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا پولیس کو وہاں سے بلٹ پروف جیکٹ ایلیٹ فورس پولیس کے یونیفارم موبائل فون اور دیگر سامان بھی برآمد کیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق پٹھان آبادیوں میں سرچ آپریشن ،22افراد کو تصدیق کے بعد چھوڑ دیا گیا، دریں اثنا پولیس نے خیبر پی کے سے پنجاب میں داخل ہونے والی کار سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ تونسہ پولیس کی جانب سے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، کارکے خفیہ خانوں سے 14 پستول ، 2 کلاشنکوفیں، 14 ریپیٹر، 6 ہزار راؤنڈز، 49 میگزین، 16 کلینک راڈ اور 3 سپرنگ انجیکٹر برآمد کی گئی۔ ڈی ایس پی کے مطابق دہشت گرد چوک اعظم میں تخریب کاروں کو اسلحہ پہنچا رہے تھے ٗ ایک ملزم سہیل قادر یوسف زئی کو گرفتار کر لیا گیا جو ایبٹ آباد کے پرائیویٹ سکول کا پرنسپل ہے۔ علاوہ ازیں پشاور کے علاقے فقیر آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 3افغان باشندوں اور ٹارگٹ کلر سمیت 26افراد کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10گھروں کی تلاشی لے لی۔فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق حساس ادارے اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ آپریشن کر کے 21 افراد کو گرفتار کر کے ان قبضے سے بھاری مقدار میں غیرقانونی اسلحہ، ایک جیکٹ، دو پولیس وردیاں، تین موبائل بھاری تعداد میں گولیاں قبضہ میں لے لیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...