حیدر آباد + میرپور خاص (نوائے وقت رپورٹ) سندھ کے عوام قائد ایم کیو ایم کی باتوں کو سنجیدہ مت لیں، پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال نے کہا کہ ایک شخص کی بات کو پوری کمیونٹی کی بات سمجھا جاتا ہے پہلے گالیاں دیتے ہیں پھر معافی مانگتے ہیں، جس نے 2 نسلیں گنوا دیں وہ روزانہ ایسی ہی باتیں کرتا ہے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پتھر اٹھانے والوں کا کوئی قصور نہیں، اس شخص کے ساتھ ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں، کسی سے ذاتی لڑائی تھی نہ ہے، ہماری باتیں سن کر خواتین آ رہی ہیں، جس کے بچے لاپتہ ہیں، نوجوانوں کو را کا ایجنٹ اور ٹارگٹ کلر کس نے بنایا ہے، ایسے شخص کو اللہ جلدی موت نہیں دیتا، ظالم اور جابر موجودہ نسل کو ایک دن میں مارنے پر تلا ہوا ہے، اس نے دو نسلیں تباہ کر دی ہیں۔ دریں اثناء میرپور خاص میں پریس کانفرنس کے دوران مصطفٰی کمال نے کہا کہ 24 اپریل کو 30 سال کی گندگی کو دفن کر دیں گے۔ بزدل آدمی میرپور خاص کی عوام کو جذباتی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاک سرزمین پارٹی نے 24 اپریل کو کراچی میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ قائد ایم کیو ایم نے 15 ہزار لوگ مروا دئیے، بتائیں آپ اس قوم کے لئے حاصل کیا کرنا ہے، ہم یہاں لیڈری کرنے یا وزیراعظم بننے نہیں آئے، ہم جہاد کرنے آئے ہیں۔ اردو بولنے والوں سے پوچھتا ہوں تم کس کے پیچھے چل رہے ہو، پاک سرزمین پارٹی کیلئے زخم جھیلنے والو تم کامیاب ہو گئے ہو اگر ہم اس فرعون کو للکارے بغیر مر جاتے تو اللہ تعالیٰ کو جواب نہیں دے سکتے تھے۔ پورے ملک میں جاکر دفاتر کھولیں گے، ہم نے میر پور خاص میں اپنا دفتر کھولا ہے، جب ہم اپنی پہلی کابینہ کا اعلان کریں گے تو لوگ وکٹوں کے چکر بھول جائیں گے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ ہمارے پیچھے اسٹیبلشمنٹ نہیں، اگر ہوتی تو اس طرح پتھرائو نہ ہوتا، کاروں کے شیشے نہ ٹوٹتے۔
مصطفیٰ کمال