واشنگٹن (آئی این پی + صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کو دہشت گردی کے درپیش خطرات مشترکہ ہیں، وزیراعظم نواز شریف دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وہ واشنگٹن میں جوہری توانائی کی عالمی کانفرنس کے موقع پر برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے لئے تعاون کو مثالی قرار دیا گیا۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے سانحہ لاہور پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کے دشمن برطانیہ کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے استحکام کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ سلامتی سے متعلق امور میں دوطرفہ تعاون بڑھائیں گے۔ اطلاعات کے تبادلے اور انسداد دہشت گردی کے لئے پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔ توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کا علاقائی امن اور استحکام کیلئے وژن قابل تحسین ہے۔ برطانیہ معیشت اورسکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ طارق فاطمی نے دہشت گردی کے واقعہ پر اظہار ہمدردی کرنے پر ڈیوڈ کیمرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پاکستان اور برطانیہ کیلئے مشترکہ خطرہ ہے۔ وزیراعظم نواز شریف دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے پاکستان سے معاشی، فوجی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ خطے میں استحکام کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ کیمرون نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔ طارق فاطمی سے ترک وزیر خارجہ نے ملاقات کی جس کے دوران ترک وزیر خارجہ نے سانحہ لاہور پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ طارق فاطمی نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ دریں اثناء طارق فاطمی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین سمیت پورے خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وہ عالمی جوہری سلامتی کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ چینی وزیرخارجہ نے سانحہ لاہور میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سب سے آگے ہے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کا ساری دنیا اعتراف کرتی ہے۔ طارق فاطمی نے چینی وزیر خارجہ کو سی پیک منصوبے سے متعلق ابتدائی اقدامات سے آگاہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تزویراتی شراکت داری میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں تخفیف اسلحہ اور جوہری عدم پھیلائو کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ادھر امریکی صدر اوباما نے جوہری سلامتی اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ صدر اوباما کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا کہ سانحہ لاہور پر امریکی صدر کے اظہار یکجہتی پر شکرگزار ہوں۔ وزیراعظم نواز شریف جوہری سلامتی کانفرنس میں شرکت کرنا چاہتے تھے لیکن حالات نے موقع نہیں دیا۔ 6 سال میں جوہری سلامتی سے متعلق این ایس ایس پروگرام کا بھرپور کردار رہا ہے۔ جوہری مواد کو غلط ہاتھوں میں کبھی نہیں جانا چاہئے پاکستان بھی اس عالمی تشویش میں برابر کا شریک ہے۔ تابکاری پھیلانے والے آلات کے ممکنہ خطرات سے آگاہی اہم ہے یہ خطرات جوہری پروگرام رکھنے والے ممالک تک محدود نہیں، تابکار ذرائع والے آلات ہسپتالوں، صنعتوں اور مختلف شعبوں میں استعمال ہو رہے ہیں تابکار مواد استعمال کرنے والے اداروں کی نگرانی ضروری ہے۔ تخریب کاری کے خلاف موثر ایمرجنسی رسپانس کا نظام تشکیل دینا ہو گا۔