اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نواز شریف نے ممتاز قادری کے چہلم کے شرکاء کو مناسب طریقے سے ہینڈل نہ کرنے اور اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے بہتر حکمت عملی نہ ہونے پر چیف سیکرٹری پنجاب کو تبدیل کر دیا، زاہد سعید کو نیا چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کر دیا گیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے نئی تعیناتیوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی۔ ذرائع کے مطابق ممتاز قادری کے چہلم کے شرکاء کو مناسب طریقے سے ہینڈل نہ کرنے اور اسلام آباد میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے بہتر حکمت عملی نہ ہونے پر چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل کو تبدیل کیا گیا۔ خضر حیات گوندل کو وفاقی سیکرٹری صنعت تعینات کر دیا گیا جبکہ یہاں موجودہ سیکرٹری عارف عظیم کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، خضر حیات گوندل کو جنوری 2015ء میں چیف سیکرٹری پنجاب لگایا گیا تھا، لاہور میں پیش آنے والے حالیہ سانحہ کے بعد پنجاب میں انتظامی ردوبدل کی توقع کی جا رہی تھی، وزیراعظم نے تبادلوں کی منظوری دیدی۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ چودھری نثار نے ڈی چوک مسمار کر کے دوبارہ تعمیر کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ڈی چوک ایسا تعمیر کیا جائے کہ دوبارہ کوئی دھرنا نہ دے سکے۔ ڈی چوک پر کسی قسم کے اجتماع یا دھرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ وزیر داخلہ نے غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔