لاہور/ اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتے کا دن فیملی کے ساتھ اپنی رہائش گاہ جاتی عمرہ میں گزارا، صبح کے وقت بغیر پروٹوکول گلبرگ گئے اورنجی ہسپتال میں چیک اپ کروایا۔ دریں اثنا مریم نواز نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ وزیراعظم کے گردے میں چھوٹی سی پتھری تشخیص ہوئی ہے تاہم آپریشن کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ وزیراعظم بالکل ٹھیک ہیں۔ میڈیا پر وزیراعظم کے بارے میں سنسنی پھیلائی جا رہی ہے۔ آن لائن کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی سی ٹی سکین رپورٹ کے مطابق ان کے بائیں گردے میں پتھری کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے پیٹ میں معمولی درد کی تکلیف ہوئی تھی، ڈاکٹروں نے انکا سی ٹی سکین کیا اور ضروری ٹیسٹ بھی لئے، بعدازاں ڈاکٹروں نے وزیراعظم کو گھر جانے کی اجازت دیدی تھی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا معائنہ کرنے والے یورالوجسٹ ڈاکٹر شبیر چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے گردے میں چھوٹے سائز کی پتھری ہے جسے لیتھوٹروپسی کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے اور آپریشن بھی کرایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے اس کا پاکستان میں بہت اچھا علاج موجود ہے اور پاکستان کے ڈاکٹرز کی صلاحیتوں کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ وزیراعظم خیریت سے ہیں اور ان کے ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم منصوبوں کی 2018ءسے قبل تکمیل کیلئے انتھک کام کر رہے ہیں جس کے باعث ان پر کچھ دباﺅ بھی ہے۔ وزیراعظم کو گزشتہ روز سے پیٹ میں درد تھا۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ تمام طبی ٹیسٹ کلیئر آئے ہیں۔ پی ایم ہاﺅس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم جمعہ کی شام کو اسلام آباد سے لاہور گئے تھے۔ ان کو لاہور روانگی تک کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ وزیراعظم کی مئی 2016ءمیں لندن میں اوپن ہارٹ سرجری بھی ہو چکی ہے۔
نوازشریف